اسلام آباد: حکومت پاکستان نے موٹروے پولیس کے شہید انسپکٹر یاسر عرفات (S-853) کو فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی بہادری اور عظیم قربانی پر بعد از شہادت قائداعظم پولیس میڈل (QPM)سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر یاسر عرفات نے 31 مارچ 2026 کو موٹروے نارتھ زون کے سیکٹر E-35 میں سڑک سے رکاوٹ ہٹانے اور خراب گاڑی کی مدد کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

موٹروے پر جاری ٹریفک کے درمیان موجود خطرے کے باوجود انسپکٹر یاسر عرفات نے فرائض کی انجام دہی جاری رکھی اور سڑک استعمال کرنے والے شہریوں کی حفاظت کو اپنی جان پر ترجیح دی۔

حکومت پاکستان نے ان کی غیر معمولی جرات، فرض سے وابستگی اور دورانِ ڈیوٹی عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں بعد از شہادت قائداعظم پولیس میڈل سے نوازا ہے۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق انسپکٹر یاسر عرفات کی بہادری اور قربانی محکمہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے فخر اور مشعلِ راہ ہے۔





