وفاقی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے ملک کو درپیش توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے اور جدید تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پہلے “نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت کامیاب آئیڈیاز پیش کرنے والے ہر نوجوان کو 5 لاکھ روپے تک کا معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام پاور سیکٹر میں تخلیقی حل اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کی سمت میں ایک سنگِ میل ہے۔
اس قومی منصوبے کے تحت ایک مخصوص ڈیجیٹل “انوویشن حب” قائم کیا گیا ہے، جہاں ملک بھر کے نوجوانوں، ماہرین اور جامعات کے محققین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ تین برسوں کے دوران قابلِ عمل منصوبوں کے لیے 1 ارب روپے سے زائد کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ حکومت ان اختراعی نظریات کو عملی صنعتی منصوبوں میں ڈھالنے کے لیے نوجوانوں کی مالی معاونت، رہنمائی اور سرپرستی کرے گی۔
اویس لغاری نے واضح کیا کہ یہ کوئی عارضی اسکیم نہیں بلکہ پاور سیکٹر میں جدت لانے کا ایک مستقل قومی ادارہ جاتی نظام ہے۔





