پاسپورٹ سروسز میں بڑی آسانی، شہریوں کے لیے اہم خبر آگئی

اسلام آباد: شہریوں کو نادرا رجسٹریشن سینٹرز سے ہی پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس چوہدری محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں نادرا اور پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاسپورٹ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ادارے کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جاری تکنیکی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور نادرا حکام کے درمیان شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ڈیٹا کے انضمام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : بی وائے ڈی کی فلیش چارجنگ ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑی منٹوں میں چارج

اس حوالے سے قومی ڈیٹا بیس تک محفوظ ریڈ اونلی ایکسس فراہم کرنے کے ساتھ نادرا کے ایونٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ریئل ٹائم معلومات کے تبادلے اور ڈیٹا سنکرونائزیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عوامی سہولت کے پیش نظر نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ منصوبے کے تحت منتخب این آر سیز میں پاسپورٹ درخواستیں جمع کرانے اور پراسیسنگ ماڈیولز نصب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

حکام نے شہریوں کو محفوظ، مربوط اور ٹیکنالوجی پر مبنی پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کے لیے جامع فریم ورک تشکیل دینے پر زور دیا۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نادرا اور امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے باہمی تعاون سے شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولیات تیز، شفاف اور مؤثر انداز میں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top