سوات میں 12 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات، متعدد افراد زخمی

شہزاد نوید

سوات: سوات میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں حادثات اور دیگر واقعات کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق گبین جبہ کے علاقے گھڑئی بائی پاس میں موٹر کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خوازہ خیلہ کے علاقے بیراڑئی میں 35 سالہ مزدور وحید کنویں میں گر گیا۔ ریسکیو ٹیم نے تقریباً 150 فٹ گہرے کنویں سے مزدور کو بحفاظت نکالا اور سی پی آر کے بعد اسپتال منتقل کردیا۔

اسی طرح خوازہ خیلہ کے علاقے جانو میں خوڑ میں پھنسی فلائنگ کوچ کو ریسکیو ٹیم نے مقامی افراد کے تعاون سے کامیابی سے نکال لیا۔

بریکوٹ کے علاقے گمبتونو میں موٹر سائیکل اور موٹر کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بریکوٹ منتقل کیا گیا۔

کبل کے علاقے کالاکلے میں موٹر سائیکل اور موٹر کار کے تصادم میں ایک نوجوان زخمی ہوا، جسے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کبل منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاکر گیلہ منہ کیس میں اہم پیش رفت، تمام نامزد ملزمان گرفتار

چارباغ کے علاقے آلہ آباد میں موٹر سائیکل اور سوزوکی کے تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان زخمی ہوا، جسے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خوازہ خیلہ منتقل کیا گیا۔

مٹہ کے علاقے خریڑئی میں موٹر سائیکل پھسلنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مٹہ منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق مٹہ کے علاقے سمبٹ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل اسپتال مٹہ منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں اسے سنٹرل ہسپتال سیدو منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو 1122 سوات کے ترجمان کے مطابق تمام واقعات میں ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور متعلقہ اسپتالوں تک منتقل کیا۔

Scroll to Top