خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں انتظامی امور کے حوالے سے اہم تبدیلی کردی گئی، ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ نے ڈپٹی ڈائریکٹرز کے اختیارات تقسیم کرتے ہوئے اساتذہ کی ترقی، تبادلوں اور دیگر معاملات سے متعلق نیا نظام نافذ کردیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران سے متعلق امور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ٹو دیکھیں گے، جبکہ گریڈ 16 تک کے معاملات ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ون کو تفویض کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایس ایس ٹیز، اسکول لیڈرز اور اساتذہ کی ریگولرائزیشن سے متعلق کیسز اب ڈپٹی ڈائریکٹر آفتاب احمد کے حوالے ہوں گے۔
اسی طرح گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی اے سی آرز، سنیارٹی اور تبادلوں سے متعلق امور بھی ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ ٹو کو سونپ دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں 24 لاکھ لڑکیاں ثانوی تعلیم سے محروم، پابندی فوری ختم کرنے کا مطالبہ
محکمہ تعلیم کے مطابق اختیارات کی نئی تقسیم کا مقصد انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانا اور اساتذہ و افسران سے متعلق معاملات کو متعلقہ شعبوں کے ذریعے نمٹانا ہے





