اسلا م آباد: پاکستان میں ایپل کے دفتر کے قیام کی امید پیدا ہوگئی، امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے مستقبل میں ایپل کے پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کا امکان ظاہر کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث ایپل سمیت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
اسٹیٹسن سینڈرز نے امید ظاہر کی کہ گوگل کے بعد ایپل بھی مستقبل میں پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپل کی پاکستان میں موجودگی سے ٹیکنالوجی کے شعبے، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : طلبہ کی موجیں ختم! تین ماہ بعد سکول کھل گئے، تعلیمی سرگرمیاں بحال
امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں اور پاکستان بھی اس عالمی ڈیجیٹل تبدیلی کا اہم حصہ بنتا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں ایپل پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرے گا، جو ملک کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔





