ہری پور آیت نور کیس: پولیس نے 5 ملزمان کی شناخت کرلی

حمد اللہ
ہری پور: 16 روز قبل گھر سے کھیلنے کے لیے نکلنے کے بعد لاپتا ہونے والی 5 سالہ آیت نور کی لاش یونیورسٹی روڈ پر واقع ایک ویئر ہاؤس کے کنویں سے برآمد کرلی گئی، جس کے بعد شہر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

پولیس کے مطابق آیت نور کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث 5 مشتبہ افراد کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی، جن میں سے 3 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر 2 کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور بعدازاں قتل کرکے لاش کنویں میں پھینکنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی جانب سے یہ اعتراف مجسٹریٹ کے سامنے بھی کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہری پور میں گھریلو تنازع خونریز ہوگیا، بھائی کے ہاتھوں بہن قتل

پولیس کی مختلف ٹیمیں آیت نور کی تلاش کے لیے گزشتہ 5 روز سے متعدد مقامات پر سرچ آپریشن میں مصروف تھیں، جس کے دوران گزشتہ رات یونیورسٹی روڈ پر واقع ویئر ہاؤس کے کنویں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کے بعد آیت نور کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی، جس کے بعد کھاد فیکٹری گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، جبکہ فضا سوگوار رہی۔

لاش برآمد ہونے کے بعد شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آیت نور کی لاش جی ٹی روڈ پر رکھ دی اور انصاف کے حق میں نعرے لگائے۔ احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : ہری پور: 15 روز سے لاپتا بچی کی لاش کنویں سے برآمد، زیادتی کے بعد قتل کا انکشاف

دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پور نے آیت نور کے افسوسناک واقعے پر یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وکلا کی جانب سے عدالتوں میں بھی یوم سوگ منایا جارہا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Scroll to Top