وانا سپورٹس کمپلیکس زبوں حالی کا شکار، نوجوانوں کا ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ

نورعلی وزیر

جنوبی وزیرستان (وانا): محکمہ کھیل اور صوبائی حکومت کی مبینہ عدم توجہی کے باعث وانا سپورٹس کمپلیکس طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

کمپلیکس کی عمارت سمیت کھیلوں کے میدان بھی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ویرانی اور زبوں حالی کی تصویر پیش کر رہے ہیں، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔

سپورٹس مین قلندر وزیر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے بلند و بانگ دعوے تاحال عملی اقدامات میں تبدیل نہیں ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں محکمہ کھیل کی صورتحال تشویش ناک ہے اور حلقے کے ایم این اے، ایم پی اے اور سول انتظامیہ بھی کھیلوں سے متعلق مسائل کے حل میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔

قلندر وزیر کے مطابق کھیلوں کی مناسب سہولیات اور مواقع دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے نوجوانوں کا بے پناہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے، جو ایک افسوسناک صورتحال ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر:وانا میں گاڑی پر فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی

مقامی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وانا سپورٹس کمپلیکس میں ماضی میں آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹس سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہا ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ میدان ویرانی کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔

کھلاڑیوں کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے دعوے کرنے والی صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ وانا سپورٹس کمپلیکس کی موجودہ حالت زار کا بھی نوٹس لے۔

کرکٹر آصف وزیر نے بتایا کہ وانا سپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تقریباً 18 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے تھے، تاہم ان فنڈز سے متعلق ترقیاتی کام تاحال مکمل نہیں ہو سکے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس کی مرمت اور بحالی کے لیے PC-I تیار کرکے صوبائی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق PC-I کی منظوری کے بعد کمپلیکس کی بحالی اور مرمت کا باقاعدہ کام شروع کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں اور شہریوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وانا سپورٹس کمپلیکس کی فوری بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مناسب مواقع بھی مل سکیں۔

Scroll to Top