بالائی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرم موسمی حالات اور بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں گلیشیئر لیک آؤٹ فلو فلڈ (گلاف) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست کی رات سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں اور گرم موسم کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ موجود ہے۔ اس حوالے سے چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ کو حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرنے اور محفوظ مقامات کو تیار رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور سمیت میدانی اضلاع کے شہری ہوشیار، موسم کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

ترجمان کے مطابق تیز بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ ہوتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محتاط ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خطرے سے دوچار علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

Scroll to Top