اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قید تنہائی سے متعلق کیس میں بڑا فیصلہ

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جیل میں مبینہ قید تنہائی سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا اور دونوں درخواستوں کو قابلِ سماعت قرار دے دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے درخواستوں کو قابلِ سماعت قرار دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ اخبارات اور کتابیں فراہم کی جائیں جبکہ جیل رولز کے مطابق انہیں طبی سہولیات بھی مہیا کی جائیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی کہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواستوں کو ضروری ہدایات کے ساتھ نمٹایا جاتا ہے، لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رمیز راجہ کیخلاف ایکشن لیں، انہیں بند کر دیں، یہ ہر جگہ عمران خان، عمران خان شروع کر دیتے ہیں، سینیٹر افنان اللہ

عدالت نے جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ سے ملاقاتیں کرانے کا حکم دیا، جبکہ ان کے بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کی سہولت بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں سے ہونے والی گفتگو کی آڈیوز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں تو یہ سہولت واپس لی جا سکتی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی ہدایات پر عملدرآمد کی رپورٹ 15 روز کے اندر جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔

واضح رہے کہ علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان جبکہ مبشرہ خاور مانیکا نے بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے اپنے جواب میں قید تنہائی کی تردید کی تھی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top