راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی تیز بارش کے بعد جڑواں شہروں کے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیدپور میں 43، پی ایم ڈی میں 43، نیوکٹاریاں میں 12، گولڑہ میں 5، پیرودھائی میں 4 اور شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلا دھار بارش کے باعث واسا حکام کی جانب سے نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔
کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی میں 3 فٹ تک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ تعینات ہے۔
بارش کی اس حالیہ لہر سے قبل، گزشتہ روز بھی راولپنڈی میں 230 ملی میٹر ریکارڈ توڑ بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے اہم سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی تھیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں اور نشیبی علاقوں کے رہائشی مکانات میں پانی داخل ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخو امیں حالیہ بارشیں، جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری
اس خراب موسم اور شدید بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں راولپنڈی میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے اور اسلام آباد میں چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔





