کور کمانڈر پشاور کا پولیس لائنز کا دورہ: یادگارشہداء پر حاضری،دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی

پشاور: کور کمانڈر 11 کور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید کی خصوصی دعوت پر پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا ہے۔

سی سی پی او آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

دورے کے دوران کور کمانڈر پشاور نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے عظیم شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کور کمانڈر کو دارالحکومت میں سیکیورٹی مانیٹرنگ اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بعد ازاں کور کمانڈر پشاور نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں شرکت کی جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : جی او سی 9 انفینٹری ڈویژن میجر جنرل شاہد امیر کا سی ایم ایچ کا دورہ، کوہاٹ بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی

لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مابین باہمی تعاون و رابطہ کاری کو مزید موثر اور مضبوط بنانے پر زور دیا۔

Scroll to Top