کوئٹہ : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے پیشوکان میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کرلی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی معاونت سے کی گئی۔ برآمد کیا گیا ممنوعہ سامان پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ کارروائی اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستانی سمندری حدود اور ملکی علاقے کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی کوسٹ گارڈز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر بیلہ، اوتھل اور گڈانی کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 گاڑیوں سے اعلیٰ معیار کی غیر ملکی شراب کی 3 ہزار 361 بوتلیں برآمد کی تھیں، جو اندرون ملک اسمگل کی جارہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : تربت میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک
کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق برآمد شدہ شراب اور ضبط کی گئی گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً ایک لاکھ 800 امریکی ڈالر تھی۔
وزیراعظم کا پاک نیوی اور کوسٹ گارڈز کو خراج تحسین
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کے ناسور کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔





