ایرانی ریال کو پھر دھچکا، ڈالر کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر

ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں یہ نئی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایران کے مرکزی بینک نے ریال کو سہارا دینے کی غرض سے مارکیٹ میں 2 ارب ڈالر تک فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق آزاد مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت تقریباً 26 لاکھ 88 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی، جبکہ ایک روز قبل ڈالر 26 لاکھ 32 ہزار ریال میں فروخت ہو رہا تھا۔ ایک دوسرے کرنسی ٹریکنگ پلیٹ فارم کے مطابق ڈالر کی قیمت 26 لاکھ 95 ہزار ریال تک بھی پہنچ گئی۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ریاستی بینکوں نے ریال کی قدر میں استحکام لانے کے لیے 2 ارب ڈالر تک فروخت کرنا شروع کردیئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ایرانی ریال اپنی قدر کا نصف سے زیادہ حصہ کھو چکا ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کے مقابلے میں ریال کی قیمت 25 لاکھ کی سطح سے تجاوز کرگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : جیٹ فیول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ایران میں بڑھتی مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث شہری اپنی بچت محفوظ رکھنے کے لیے ڈالر، دیگر غیر ملکی کرنسیوں اور سونے کی جانب رخ کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایران میں مہنگائی کی شرح 70 فیصد سے زیادہ ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے لیے بنیادی ضروریات اور رہائش کے اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

ایرانی ریال کی حالیہ کمزوری کو امریکی پابندیوں، تیل کی برآمدات پر دباؤ اور خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی پر بھی دباؤ بڑھا ہے، جس سے ملک کے لیے غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

Scroll to Top