وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال پر صوبائی حکومت اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان خیبرپختونخوا میں دہشت گردی لے کر آئے اور دہشت گردوں کو صوبے میں بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے۔
خواجہ آصف نے سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے معصوم شہداء کی بات کرنے سے پہلے یہ بتایا جائے کہ کیا وہ کسی ایک شہری شہید کے گھر فاتحہ خوانی کے لیے بھی گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے بھی انکار کیا جا رہا ہے۔
اپنے صوبے کے جن معصوم شہیدوں کی آپ بات کر رہے ھیں فوجی شہداء کی بات رہنے دیں آپ شہری شہداء کی اونر شپ لینے سے بھی انکاری ھیں۔ ذرا بتائیں کسی ایک سولین شہید کے گھر بھی فاتحہ کے لئیے گئے ھیں ۔ یہ دھشت گردی انکا لیڈر عمران خان پختونخواہ میں لیکر آیا وہ انکو اس KP میں بسانے کا سب سے بڑا حامی تھا۔ اسمبلی کی تقاریر اور میڈیا کا ریکارڈ گواہ ھے۔ اس پر میر ے ساتھ tv پہ مناظرہ کر لیں ۔ مرکز سے اقتدار جانے کے بعد ھر چیف منسٹر نے وفاق پر حملہ کیا ۔ 9مئی اسکے علاوہ۔ پوری KP کی لیڈر شپ سرکار کا ما ل خود بھی لوٹتے ھیں اور دھشت گردوں کو حصہ بھتے کی صورت دیتی ھیں ۔ آپ دھشت گردوں کے پارٹنر ھیں۔ جو خون KP میں بہہ رہا ھے آپ کے ھاتھ بھی اس خون سے رنگے ھیں۔ قوم آ پ سے حساب لے گی اور خدا بھی۔
اسلام آباد میرے وطن کی وحدت کا نشان ھے ۔ وفاق کی علامت ھے۔ 25کروڑ پاکستانیوں کی شناخت ھے۔ ھمارے شہید اپنے مقدس خون سے اس کی آبیاری کرتے ھیں۔ ھم نے سال قبل اپنے ازلی دشمن کا غرور مٹی میں ملایا ۔ پاکستانی عوام اور بہادر افواج اندرونی و بیرونی دشمنوں سے ٹکرانے کا حوصلہ رکھتے ھیں ۔ انشا ء اللہ پاکستان ھمیشہ زندہ باد
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 4, 2026
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی جانب سے دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا میں بسانے کی حمایت اسمبلی تقاریر اور میڈیا ریکارڈ سے ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر سہیل آفریدی کو ٹی وی پر براہِ راست مناظرے کا چیلنج بھی دیا۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں اقتدار سے محرومی کے بعد خیبرپختونخوا کے ہر وزیراعلیٰ نے وفاق کے خلاف محاذ آرائی کی، جبکہ 9 مئی کے واقعات اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے صوبائی سیاسی قیادت پر سرکاری وسائل کی مبینہ لوٹ مار اور دہشت گردوں کو بھتہ دینے کے الزامات بھی عائد کیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون کی ذمہ داری سے سیاسی قیادت خود کو الگ نہیں کر سکتی اور عوام ان سے حساب لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جلسوں اور شہروں پر چڑھائی کرکے عمران خان کی رہائی نہیں ہو سکتی، وزیر قانون
اسلام آباد کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت پاکستان کی وحدت اور وفاق کی علامت ہے اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے شہداء نے اپنے خون سے پاکستان کی حفاظت اور بقا میں کردار ادا کیا ہے۔
خواجہ آصف نے پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان کا اختتام ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے نعرے پر کیا۔





