ٹانک میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائی، ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک

کاشف عزیز

ٹانک : ضلع ٹانک میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور موبائل فون بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ ایس ایم اے کی حدود میں جنڈولہ روڈ کے علاقے گڑہ فقیرا میں کی گئی، جہاں سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں میں سے دو کی شناخت اسامہ اور سلیمان، سکنہ فقیر کلے جنڈولہ، کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں نے میرا عالم پمپ کے قریب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) نصب کیا تھا، جس کے دھماکے میں ایک شہری سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ سات اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں نے وانا بازار کی مرکزی سڑک کے کنارے اور امن کمیٹی کے سربراہ بلال کے دفتر کی چھت پر بھی آئی ای ڈیز نصب کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، حکومت کے لیے اسمبلی میں بڑا مطالبہ

سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد اسامہ، 2025 میں بنوں کینٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گرد شعیب کا بھائی تھا۔

اسی طرح وانا بازار میں پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ میں مارے جانے والا دہشت گرد موسیٰ بھی اسامہ کا چچا زاد بھائی تھا۔

کارروائی کے دوران تین کلاشنکوفیں، 11 میگزین بمعہ گولہ بارود اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

Scroll to Top