معروف ٹی وی اداکارہ ایمن سلیم نے پیپلز پارٹی جوائن کرلی

اداکارہ اور سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم نے سیاست میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

اداکارہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ ایک تقریب کے دوران پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کا اعلان کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر ایمن سلیم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے اپنی دیرینہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن ہی سے بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی مداح رہی ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ ہر وہ لڑکی جس نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی اور جدوجہد کو دیکھا ہے وہ ان سے ضرور متاثر ہوئی ہوگی۔

ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بننا ان کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے، انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر ان کے لیے یہ محض ایک سیاسی فیصلہ نہیں، بلکہ اپنے ملک اور عوام کے ساتھ ایک وعدہ ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نیک نیتی اور خلوصِ دل کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق، وہ پاکستان اور اس کے عوام کے لیے مثبت انداز میں کام کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

Scroll to Top