13 سال میں خیبرپختونخوا کو ترقی کے بجائے دہشت گردی کا سامنا رہا، پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا، امیر مقام

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کے منفی بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

بشام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ یوٹیوب پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو آج عوام کا جوش و جذبہ دیکھ لینا چاہیے۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر صوبے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور نالائقوں سے جان چھوٹنے پر عوام خوش ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں لوٹ مار اور کرپشن کے خاتمے کے بعد عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، تاہم سابق صوبائی حکومت نے ترقیاتی ایجنڈے کے بجائے لوٹ مار کا بازار گرم رکھا۔ سابق وزیراعلیٰ نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی شعبدہ بازی سے کام لیا، جبکہ صوبائی حکومت نے سرکاری مشینری اور وسائل کا بے دریغ استعمال کرکے جھوٹا بیانیہ پھیلایا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والوں نے 13 سال کے دوران صوبے کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکے رکھا۔ صوبے میں بدامنی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں پر پی ٹی آئی قیادت خاموش تماشائی بنی رہی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے دہشت گردی کا شکار اپنے لوگوں کے جنازوں کو کندھا دینے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں کو ترجیح دی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کے بدترین حالات میں جشن منانے والوں کے عزائم اب عوام پر آشکار ہو چکے ہیں۔ اٹک پل پر عوام احتجاج کرنے کے بجائے چھٹکارا ملنے کی خوشی میں مٹھائیاں بانٹنے کے لیے نکلے۔ مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت تحریک انصاف کی سیاسی ناکامی کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کروم بکس کی فراہمی صرف اور صرف میرٹ پر ہوگی، غریب اور امیر کے فرق کو ختم کریں گے، وزیراعظم

امیر مقام نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیاں مسترد کرکے ملکی سلامتی کے لیے ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعلیٰ بہت جلد اپنے اقدامات کے باعث جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو وزیراعلیٰ بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ دینے چاہئیں، کیونکہ ان کا سیاسی انجام قریب ہے۔ عوام اب منفی سیاست اور پروپیگنڈے کے بجائے امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔

Scroll to Top