مودی کی انتخابی بے ضابطگیاں بے نقاب: دہلی میں اپوزیشن کا تاریخی مارچ!

بھارت میں نریندر مودی کی قیادت میں قائم حکمران جماعت اور ریاستی اداروں کی جانب سے جمہوریت کی پامالی اور الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کے خلاف اپوزیشن کا غصہ لاوا بن کر پھوٹ پڑا ہے۔

جمہوریت کی بقا اور آزادانہ انتخابات کے دفاع کے لیے راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد انڈیانے دارالحکومت نیو دہلی میں ایک تاریخی اور اثر انگیز جمہوریت بچاؤ مارچ کا انعقاد کیا۔

ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکلنے والے شہریوں اور کارکنان نے مودی سرکار کی فاشسٹ پالیسیوں اور انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جس سے دارالحکومت کے ایوان لرز اٹھے۔

اپوزیشن کی جانب سے نکالی گئی یہ چلو دہلی میگا ریلی تمام تر سرکاری رکاوٹوں کو توڑتی ہوئی نیو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں پہنچ کر ایک جلسہ عام میں تبدیل ہو گئی۔

ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت نے مودی حکومت کی جمہوری اقدار کو پامال کرنے والی پالیسیوں کے خلاف عوامی بیداری اور غصے کو واضح کر دیا ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے ایک ہی آواز میں مطالبہ کیا کہ انتخابی فہرستوں میں من پسند اور متنازعہ تبدیلیوں کے ذریعے ووٹ چوری کا جو گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے، اس پر چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

تجارتی اور سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی اداروں کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اپنی حتمی ناکامیوں کو چھپانے اور اقتدار پر ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

انتخابی فہرستوں سے اپوزیشن ووٹرز کے نام حذف کرنے اور جعلی اندراج کے انکشافات کے بعد یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارت کا نام نہاد سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ اب محض ایک ڈھونگ بن کر رہ گیا ہے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار اور ان کے اتحادیوں کو شدید رگڑا دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اس وقت جمہوریت کو شدید ترین خطرات لاحق ہیں اور آزادانہ اداروں کی ساخت کو مفلوج کر دیا گیا ہے۔

راہول گاندھی نے للکارتے ہوئے کہا کہ گیانیش کمار کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر جیل بھیجا جائے گا۔ گیانیش کمار کے استعفے کے فوراً بعد ہم نریندر مودی اور امیت شاہ کا بے لاگ احتساب کریں گے۔ ووٹ چوری کے اس غیر قانونی اور غیر آئینی کھیل میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اپوزیشن کا سڑکوں پر یوں متحرک ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت اندرونی طور پر آمریت اور یک جماعتی نظام کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : معرکۂ حق میں بڑی فتح: فیلڈ مارشل کی قرآنی رہنمائی سے کامیابی ملی،مولانا طیب قریشی

مودی اور امیت شاہ کی جوڑی نے اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے، آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے اور اب عوام کا بنیادی جمہوری حق یعنی ووٹ چوری کرنے کی جو سازش تیار کی ہے اس نے عالمی سطح پر بھی بھارتی جمہوریت کا پول کھول دیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کا عزم ہے کہ جب تک شفاف انتخابات اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کی بحالی یقینی نہیں بنائی جاتی تب تک یہ تحریک پورے بھارت میں جاری رہے گی۔

Scroll to Top