امریکی وزیر جنگ کے خلاف مواخذے کی قرارداد204 کے مقابلے 211 ووٹوں سے مسترد

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ایک انتہائی ڈرامائی اور ہنگامہ خیز سیاسی معرکے کے دوران وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف لائی جانے والی مواخذے کی قرارداد کثرتِ رائے سے مسترد کر دی گئی۔

امریکی وزیر جنگ کے خلاف یہ مواخذے کی کوشش 204 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے ناکام بنا دی گئی جس نے ملکی اور بین الاقوامی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی وزیر جنگ کے خلاف یہ قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ہی ری پبلکن پارٹی کے باغی رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ پر یہ سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے کہ انہوں نے ایران میں میناب سکول پر ہونے والے امریکی حملے کے دوران بچوں اور دیگر معصوم شہریوں کی شہادتوں کے معاملے میں غفلت برتی، امریکی آئین کی خلاف ورزی کی اور اپنے منصب و عہدے کا غلط استعمال کیا۔

ان الزامات کی بنیاد پر اپوزیشن اور بعض حکومتی ارکان کی جانب سے انہیں ہٹانے کی کوشش کی گئی تھی۔

دوسری جانب اس سیاسی بحران میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کھل کر پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

خود پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی اس کارروائی پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ یہ قرارداد اُن کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی یہ تمام عمل محض ایک سیاسی تماشا ہے اور درحقیقت یہ امریکہ کے تمام بہادر فوجیوں کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی عوام کا اہم فیصلہ، 71 فیصد عوام کا ایران امریکہ جنگ کے خلاف ووٹ

انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ امریکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو اس طرح معزول کیا گیا ہو اور ان کی تمام فوجی کارروائیاں مکمل طور پر قانونی حیثیت رکھتی ہیں۔

Scroll to Top