اعجاز آفریدی
پشاور:حکومت خیبرپختونخوا نے بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید دو افسران کے تبادلے اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ (ADS) میں تعینات کیے جانے والے افسران کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
تمام تبادلے اور تقرریاں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہیں اور ان کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
محکمہ اسٹیبلشمنٹ و ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشنز کے مطابق ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ میں مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور صوبائی مینجمنٹ سروس کے افسران کی خدمات منتقل کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد طارق (PMS گریڈ 17)، جو ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر تھے، کو ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سارہ ہمایوں (PMS گریڈ 17)، سیکشن آفیسر لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، کو بھی تبدیل کرکے ان کی خدمات ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلے و تعیناتیاں
اسی طرح سحر انور خان (PMS گریڈ 17)، سیکشن آفیسر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، اور رابعہ آفریدی (PMS گریڈ 17)، سیکشن آفیسر ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ، کی خدمات بھی ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ منتقل کر دی گئی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سیکشن آفیسر محمد ذیشان اقبال (PMS گریڈ 17) اور محکمہ ایڈمنسٹریشن کے سیکشن آفیسر (ایوی ایشن) زر محمد (PMS گریڈ 17) کو بھی تبدیل کرکے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں محکمہ صحت کے سیکشن آفیسر شاکر خان (PMS گریڈ 17)، سابق مشیر وزیراعلیٰ برائے زراعت کے پرائیویٹ سیکریٹری حافظ الرحمان شاہ (PMS گریڈ 17)، محکمہ معدنیات کے سیکشن آفیسر ارشد عزیز قریشی (PMS گریڈ 17) اور محکمہ خوراک کے سیکشن آفیسر عادل شہزاد (PMS گریڈ 17) کی خدمات بھی ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ضم اضلاع کے نوجوان امن کے سفیر بنیں، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، گورنر خیبرپختونخوا
نوٹیفکیشن کے تحت ایس ٹی اینڈ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر (OPS) عبد اکبر (PA گریڈ 16) اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے سیکشن آفیسر محمد ذیشان (PMS گریڈ 17) کو بھی ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکومتی احکامات کے مطابق ان تمام افسران کے تبادلے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے 5 نومبر 2026 کے مراسلے کے تسلسل میں کیے گئے ہیں۔
تمام افسران کو فوری طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ان تقرریوں کے بعد ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ میں مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
یہ احکامات چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ نوٹیفکیشن کی نقول متعلقہ محکموں اور افسران کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔





