ضم اضلاع کے نوجوان امن کے سفیر بنیں، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ امن ہوگا تو ہی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہموار ہوگا۔

ضم اضلاع کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہیں، انہیں امن کے سفیر بن کر اپنے علاقوں کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں میں برداشت، استقامت اور تشدد پر مبنی انتہاپسندی کے تدارک کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ کا اہتمام خیبرپختونخوا سینٹر آف ایکسیلنس فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم نے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے کیا تھا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قیام امن کے لیے ضم اضلاع کے عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بھی لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

صوبے میں امن اور ترقی کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ اس عمل میں نوجوانوں کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع طویل عرصے تک جنگ زدہ حالات اور بدامنی کا شکار رہے ہیں اور ماضی میں انہیں ترقی کے عمل سے محروم رکھا گیا۔ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جبکہ انہیں تعلیم کے ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : پولیس اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کی تیاری، گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایت

گورنر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کے مواقع فراہم نہ کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ ضم اضلاع کو قومی دھارے میں لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور نوجوانوں کو دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضم اضلاع کے لیے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقامی آبادی کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا جمہوری حق دیا گیا ہے اور اب تعلیمی اداروں اور بنیادی مراکز صحت کو غیر متعلقہ مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کے اسکولوں اور بنیادی مراکز صحت کو مہمان خانوں کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا، تاہم اب ان اداروں کو ان کے اصل مقاصد کے لیے فعال رکھنے کی ضرورت ہے۔

تقریب کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ورکشاپ کے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ ورکشاپ میں مشاورتی کونسل کے اراکین اور متعلقہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

Scroll to Top