گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں ایک انتہائی دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں نوح پل کے قریب مسافروں سے بھری ایک وین بے قابو ہو کر گہرے اور تیز بہاؤ والے دریائے یاسین میں جا گری۔
اس المناک حادثے کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ متعدد مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بدقسمت مسافر وین گلگت سے مسافروں کو لے کر ہندور کی جانب رواں دواں تھی کہ نوح پل کے مقام پر اچانک حادثے کا شکار ہو کر دریا میں جا ڈوبی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور مقامی رضاکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ٹیموں نے دریائے یاسین میں ہنگامی بنیادوں پر سرچ آپریشن چلاتے ہوئے اب تک 11 افراد کی لاشوں کو پانی سے باہر نکال لیا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گاہکوچ منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سے علاقے میں شدید غم کی فضا سوگوار ہے اور متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی پر سیکورٹی فورسز کا بھرپور جواب،تمام الزامات مسترد کردئے
ریسکیو اہلکار دریا میں ممکنہ طور پر موجود دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بدستور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں تاہم رات کے گھپ اندھیرے، دشوار گزار راستوں اور دریا کے یخ بستہ پانی کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے امدادی سرگرمیاں عارضی طور پر متاثر بھی ہو رہی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق اور حتمی تفصیلات سامنے آئیں گی۔





