پشاور: خیبر پختونخوا میں انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف حکومتی شکنجہ سخت ہو چکا ہے، جہاں فوڈ اتھارٹی نے پشاور، بونیر اور ہری پور میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 1500 کلوگرام مضرِ صحت گوشت، 2550 کلوگرام جعلی شہد اور 250 لیٹر بدبودار تیل برآمد کر کے مکروہ دھندا کرنے والے گروہوں کو دبوچ لیا ہے۔
مشیرِ خوراک کفایت اللہ کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور کے بس ٹرمینلز پر آدھی رات کو خفیہ اطلاعات پر ایک مسافر بس کی تلاشی لی، جس سے گائے کے خراب گوشت، کلیجی، اوجھڑی اور زبانوں پر مشتمل 1500 کلو گرام سے زائد مضرِ صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔
لیبارٹری ٹیسٹ میں گوشت کے انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ تردید حد تک زہریلا اور غیر معیاری ثابت ہونے پر اسے موقع پر ہی تلف کر کے ذمہ داروں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔
ادھر بونیر میں ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی نے ایک رہائشی مکان میں جاری جعلی شہد کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 2550 کلوگرام جعلی شہد، 1300 کلوگرام چینی، مصنوعی چھتے اور تیاری میں استعمال ہونے والا زہریلا سامان قبضے میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں : فارم بی اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں کروڑوں کا گھپلا، 1 کروڑ 16 لاکھ کی مشکوک رقم کا جواب دینے سے قاصر فضل الرحمان کے کالے کرتوت بے نقاب
جعلی شہد بنانے والا یہ گروہ عوام کی صحت پر ڈیرے ڈالے ہوئے تھا، جسے فوری طور پر گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا اور یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔
اسی علاقے میں مشروبات میں برکس کی مقدار مقررہ حد سے کم نکلنے پر 288 بوتلیں بھی سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔
ہری پور میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے پاپڑ تیار کرنے والے ایک یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران 250 لیٹر بدبودار اور زہریلا تیل برآمد کر کے تلف کیا گیا اور یونٹ پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
مشیرِ خوراک کفایت اللہ نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ عوام کے دسترخوان پر زہر بیچنے والے درندوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا اور خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





