صوابی: امن و امان کے پیش نظر ضلع بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ، جلسے جلوسوں اور اجتماعات پر پابندی

صوابی:ضلع صوابی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا.

امن و امان اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت احکامات

جاری کردہ سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق، حالیہ سکیورٹی صورتحال اور ممکنہ سکیورٹی خطرات کے تناظر میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات، جلسے، جلوس، ریلیاں، مارچ، مظاہرے اور اس سے ملتی جلتی دیگر سرگرمیاں سکیورٹی کے لیے انتہائی حساس اور خطرے کا باعث بن سکتی ہیں. اس طرح کے اجتماعات سے انسانی جانوں، املاک کو خطرہ لاحق ہونے کے ساتھ ساتھ امن عامہ اور عوامی سکون میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہوتا ہے، جس کے پیش نظر یہ حفاظتی اقدامات ناگزیر تھے۔

پہلے سے اجازت لینا لازمی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی

نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع بھر میں بغیر کسی پیشگی اجازت کے ہر قسم کے اجتماعات، ریلیوں اور جلوسوں کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے. یہ پابندی فوری طور پر ایک ماہ کے لیے نافذ العمل رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر: جمرود میں ضلعی انتظامیہ کا بڑا کریک ڈاؤن، سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر 3 پٹرول پمپس سیل

ضلعی انتظامیہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ قانون شکنی یا ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص یا گروہ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ

امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی پولیس اور متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جا سکے اور شہریوں کے جان و مال کا فول پروف تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top