پشاور :خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور سنگین جرائم کے گٹھ جوڑ کا ایک اور بھیانک باب بے نقاب ہو گیا ہے۔ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس پر خونی حملے میں جہنم واصل ہونے والا فتنہ الخوارج کا دہشتگرد افغان شہری نکلا ہے، جس کے روابط براہِ راست افغان طالبان کے سرغنہ کے ساتھ ثابت ہو چکے ہیں۔
اس سنگین انکشاف نے ایک بار پھر خیبر پختونخوا کی سابقہ صوبائی حکومت کی مجرمانہ سرپرستی اور ملک دشمن عناصر کے ساتھ ان کی گہری ملی بھگت کو بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے۔
کوہاٹ خونی حملہ اور افغان دہشتگرد کی شناخت
رپورٹ کے مطابق 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیرقانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس پر بزدلانہ حملہ کیا تھا، جس میں پولیس کے بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔
سکیورٹی فورسز کی بھرپور اور دلیرانہ جوابی کارروائی میں متعدد خارجی جہنم واصل ہوئے جن میں سے ایک دہشتگرد کی شناخت بطور افغان شہری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دیگر چار کی شناخت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افغان دہشتگرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان کے سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر سامنے آئی ہے، جو اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ کس طرح بیرونی عناصر اور دہشتگرد کے پی کی سرزمین پر دندناتے پھر رہے تھے اور انہیں سیاسی پشت پناہی حاصل تھی۔
غیر قانونی گولڈ مائننگ اور 80 فیصد معدنیات کی افغانستان منتقلی
گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے یہ ہولناک دعویٰ سامنے آیا ہے کہ صوبے میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ براہِ راست افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی اور امریکی حکمران آئیڈیل، عوام کے لیے درسِ شریعت، فضل الرحمان کا دوغلا پن اور موروثی سیاست کا دفاع بے نقاب
دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈینٹر اختیار ولی نے بھی ہوشربا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق صوبائی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں افغان طالبان کمانڈرز کو خصوصی طور پر یوتھ کمیٹیوں میں شامل کیا اور انہیں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے سیاہ دھندے میں استعمال کیا۔
دہشتگرد عناصر اس غیر قانونی کان کنی میں ملوث مقامی افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ باہر سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کر رہے تھے، جس کا استعمال ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے ہو رہا تھا۔
سکیورٹی تجزیہ کاروں کے تبصرے اور دوٹوک پیغام
سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق، سامنے آنے والے ٹھوس شواہد سے یہ بات سورج کی طرح روشن ہو چکی ہے کہ خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان صوبے کے قدرتی وسائل لوٹنے اور بدامنی پھیلانے میں ایک ہی صف میں کھڑے تھے۔
موجودہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے افغان سرپرستی میں پلنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں ان تمام عناصر کے لیے ایک دوٹوک پیغام ہیں جو قومی وسائل کو لوٹنے اور ملک کو نقصان پہنچانے کی ناپاک جسارت کر رہے ہیں۔
عوام اب ان تمام سہولت کاروں کے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور ریاست کے خلاف اٹھنے والے ہر ناپاک ہاتھ کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔





