پشاور: خیبرپختونخوا میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی، شفافیت اور معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ اس اجلاس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل، اس کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے بھر میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران خصوصی طور پر درج ذیل بڑے منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی:
انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول مانسہرہ، بویون کالام اسکی ریزورٹ، رشکئی اکنامک زون، اس کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں چلنے والے مجموعی طور پر 29 مختلف ترقیاتی اور سیاحتی منصوبوں کی کارکردگی کا احاطہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی، پولیس پر حملہ کرنے والا دہشتگرد افغان شہری نکلا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس امر پر زور دیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے نہ صرف نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا بلکہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تمام منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور ان کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صوبے کے اندر معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو مکمل طور پر سازگار ماحول اور تمام ممکنہ کاروبار دوست سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اجلاس کے آخر میں صوبے کی پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





