نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان آئندہ دو برسوں کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی چیئرمین شپ سنبھالنے جا رہا ہے جس کے پہلے سال میں علاقائی رابطوں کے فروغ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔
30ویں ای سی او وزرائے خارجہ کانفرنس کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ای سی او کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور خطے کی مجموعی ترقی و استحکام میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز کسی ایک ریاست تک محدود نہیں ہیں اس لیے ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
ان کے مطابق تنظیم کا نیا ’وژن 2026 تا 2035‘ خطے کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل متعین کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بطور چیئرمین پاکستان کی توجہ انسانی وسائل کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو بڑھانے پر مرکوز رہے گی۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے علاقائی امن بنیادی شرط ہے اور پاکستان تمام تنازعات کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتا ہے۔
آئندہ ماہ ایران میں ہونے والے ای سی او سربراہی اجلاس (سمٹ) کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کی ایرانی ہم منصب کے ساتھ تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر نہایت مفید گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)‘ کے تحت معاملات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے اور ایران و امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے پُرامن حل کے لیے پُرامید ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس ان کے دورہ کابل کے دوران تمام معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی۔
انہوں نے افغانستان کو دوستی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کابل ایک قدم آگے بڑھائے گا تو اسلام آباد دو قدم بڑھانے کے لیے تیار ہے کیونکہ پاکستان ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے۔
تاہم انہوں نے سرحد پار سے جاری دراندازی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پاکستان آخر کب تک اپنے شہدا کے جنازے اٹھاتا رہے گا؟ ۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی سیاسی چال، لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست بری طرح ناکام، کورٹ کو خط لکھ کر این آر او مانگنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا گیا
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاک افغان سرحد بند ہونے کے باوجود پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کے لیے سامان سے لدے کنٹینرز جانے کی اجازت دی۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان نے تاحال افغانستان کی عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے جبکہ ای سی او سیکرٹریٹ نے بھی افغانستان کی رکنیت معطل کر رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ کانفرنس میں افغانستان کا سابقہ جمہوری دور کا پرچم آویزاں کیا گیا۔





