خیبرپختونخوا کے نامزد اضلاع میں ترقی کے نئے دور کا آغاز : حکومت کا ایجوکیشن سٹی، ایس آئی یو ٹی ہسپتال اور کیڈٹ کالج کے قیام کا فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے نامزد اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ’ایجوکیشن سٹی‘ اور صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ’ایس آئی یو ٹی (SIUT) ہسپتال‘ کے قیام پر کام جاری ہے جبکہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بٹراسی اسکاؤٹس کیڈٹ کالج کی ایک شاخ بھی قائم کی جائے گی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ (اے ڈی ایس) کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ یحییٰ اخونزادہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ نے گورنر کو جاری منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں اے ڈی ایس کے تحت مقرر کردہ 100 اور 180 روزہ ترقیاتی اہداف اور ان کے حصول کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

مزید برآں نامزد اضلاع میں ایکسیلیریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (AIP) کے تحت صحت، تعلیم، سماجی و معاشی ترقی، سیکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جاری منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نامزد اضلاع کی تیز رفتار ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان آئندہ دو سال کے لیے ای سی او کا چیئرمین مقرر: افغانستان کے حوالے سے اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس میں بڑا اعلان

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ایجوکیشن سٹی کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، جدید تحقیق اور بہترین تعلیمی مواقع اپنے ہی علاقے میں میسر آئیں گے، جس سے خطے میں سماجی و معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

Scroll to Top