خیبرپختونخوا حکومت کا عملی قدم:پشاور میں پینے کے صاف پانی کا 80 فیصد مسئلہ حل ،ورسک کینال کو لائف لائن قرار دے دیا گیا!

  مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے انڈسٹریز، کامرس، فنی تعلیم، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈاکٹر محمد ارشاد کی خصوصی کوششوں سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے ورسک کینال سسٹم کی ری ماڈلنگ کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور کنٹریکٹرز کو بروقت ادائیگیاں بھی کر دی گئی ہیں جبکہ اس منصوبے کو پشاور اور نوشہرہ کے لیے لائف لائن قرار دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس کی تکمیل سے پشاور کی پینے کے پانی کی تقریباً 80 فیصد ضروریات پوری ہو سکیں گی۔

مشیر گورنر خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد ارشاد نے سیکرٹری آبپاشی اور دیگر سینئر حکام کے ہمراہ ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں تعمیراتی سرگرمیوں، اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت اور منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔

دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ ورسک کینال سسٹم کی ری ماڈلنگ پشاور اور نوشہرہ کے لیے ایک حقیقی “لائف لائن” کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد پشاور میں پینے کے پانی کی تقریباً 80 فیصد ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی سے دال نہ گلی تو اب وکلاء کے پیچھے؟ فضل الرحمان کی نئی چال پرخیبرپختونخوا کے شہری پھٹ پڑے

انہوں نے بتایا کہ 5.5 کلومیٹر طویل اس منصوبے کا 4 کلومیٹر حصہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ حصے پر کھدائی کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے۔

مشیر گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود سے جڑے ایسے بڑے ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنا زراعت کی ترقی، پینے کے صاف پانی کی مستقل فراہمی اور روزگار و معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔

بریفنگ میں حکام نے آگاہ کیا کہ سرنگ کے بقیہ 1,120 میٹر حصے کی کھدائی 30 جون 2027 تک مکمل کر لی جائے گی۔

پراجیکٹ بریفنگ کے مطابق اس منصوبے کے تحت ورسک ڈیم سے 700 کیوسک گنجائش کی حامل 5.2 کلومیٹر طویل ذیلی آبپاشی سرنگ (Auxiliary Irrigation Tunnel) تعمیر کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ ورسک گریویٹی کینال کی گنجائش 285 کیوسک سے بڑھا کر 456 کیوسک اور لفٹ کینال کی گنجائش 200 کیوسک سے بڑھا کر 290 کیوسک کی جا رہی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ اضافی 90 کیوسک پانی اٹھانے کے لیے موجودہ پمپ ہاؤس کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور پمپ ہاؤس ٹو (II) کی تعمیر بھی جاری ہےجبکہ پمپ ہاؤس کو مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 66 کے وی گرڈ اسٹیشن کو 132 کے وی میں اپ گریڈ کر کے مخصوص ایچ ٹی لائنیں بچھائی جائیں گی۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اس منصوبے کے ذریعے دریائے کابل پر سالانہ 0.45 ملین ایکڑ فٹ (MAF) اضافی آبی حقوق حاصل ہوں گے جن کی سالانہ معاشی مالیت 225 ملین ڈالر (تقریباً 62,471 ملین روپے) بنتی ہے۔

منصوبے کے مکمل ہونے پر پانی کا الاونس گریویٹی کینال پر 4.0 سے بڑھ کر 9.4 کیوسک اور لفٹ کینال پر 3.7 سے بڑھ کر 7.0 کیوسک ہو جائے گا۔

اس سے فصلوں کی کاشت کا تناسب (Cropping Intensity) گریویٹی کینال پر 112 فیصد سے بڑھ کر 180 فیصد جبکہ لفٹ کینال پر 73 فیصد سے بڑھ کر 150 فیصد تک پہنچ جائے گا۔

زرعی فوائد کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ارشاد نے بتایا کہ منصوبے کے تحت اب تک 8,000 ایکڑ بنجر زمین کو زیرِ کاشت لایا جا چکا ہے اور تکمیل پر مزید 5,000 ایکڑ بنجر اراضی کو سیراب کیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : نئے صوبوں کی مخالفت ذاتی ایجنڈا قرار:سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، خواجہ آصف

اس سے سالانہ زرعی پیداوار میں 87,513 ٹن گنا، 78,024 ٹن چارہ، 6,242 ٹن مکئی اور 4,271 ٹن گندم کا اضافہ متوقع ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پشاور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی پائیدار فراہمی کے لیے 300 کیوسک پانی مختص کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ تقریباً 5,694 ملین روپے کے معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

Scroll to Top