بھارت اے کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹر حسن نواز نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے، ہر میچ میں دباؤ ہوتا ہے، تاہم چند گیندیں کھیلنے کے بعد سب کچھ معمول پر آجاتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ خاص ہوتا ہے اور وہ ایسے مقابلوں کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
ان کے مطابق ہر میچ میں کھلاڑیوں پر دباؤ ہوتا ہے، لیکن میدان میں اترنے اور چند گیندیں کھیلنے کے بعد یہ دباؤ کم ہوجاتا ہے اور کھلاڑی اپنی توجہ کھیل پر مرکوز کرلیتے ہیں۔
بھارت اے کے خلاف اپنی کارکردگی کے حوالے سے حسن نواز نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی میں تمام کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا اور یہ کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈنڈے سوٹے ہم کھائیں، عہدے اور فنڈز خاندان کے پاس، کارکنوں کے گڑھ بلوچستان سے بغاوت، فضل الرحمان کی قیادت کا دوہرا معیار بے نقاب
انہوں نے بتایا کہ وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہیں امید تھی کہ گیند پچ پر گرنے کے بعد کچھ گرپ ہوگی، اسی وجہ سے انہوں نے خود کپتان سے بولنگ کرنے کی درخواست کی۔
حسن نواز کا کہنا تھا کہ کپتان کی جانب سے اعتماد کیے جانے پر ان کے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے اور وہ آئندہ بھی باقاعدگی سے بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے لیے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی کردار ادا کرنا خوش آئند ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان شاہینز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں اپنا آخری گروپ میچ نیپال کے خلاف کھیلے گی، جس میں ٹیم کی کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔





