بیرسٹر سیف کا وزیر پیٹرولیم کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ

بیرسٹر سیف کا وزیر پیٹرولیم کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی ترقی ،خودمختاری اورملکیتی معدنی ذخائر کی حفاظت وفروغ سب سے پہلے مقدم ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اورخیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات جھوٹے ، من گھڑت اور بے بنیادی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مائنز اینڈ منرلز بل بارے کسی بھی قسم کے کاغذات پر دستخط نہیں کیے ،اور نہ ہی وفاق کیساتھ اس ضمن میں کوئی معاہدہ طے پایا ہے ،وفاقی وزیر اپنے بیان کے ثبوت پیش کریں بصورت دیگر ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھا جاتاہے ۔

نجی ٹی وی چینل ذرائع کے مطابق انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت وزیراعلیٰ پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کیخلاف قانونی کارروائی کریگی تاکہ آئندہ کسی کو بغیر تحقیق اس قسم کے بیانات دینے کی جرات نہ ہو ۔

انہوں نے کہاکہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل مکمل طورپر خیبر پختونخوا کے معدنی وسائل کے تحفظ ان کے موثر استعمال اور صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے ۔اس قانون کے بنانے میں نہ تو ایس آئی ایف سی کی کوئی ڈکٹیشن لی گئی اور نہ ہی وفاقی حکومت کا کوئی دبائو قبول کیاگیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون خیبر پختونخوا کی ترقی ، خودمختاری اور ملکیتی معدنی ذخائر کی حفاظت وفروغ کی بنیاد پر تیار کیاگیا ہے ، کسی بھی بیرونی دبائو اثر ورسوخ کو اس عمل میں شامل نہیں کیاگیا ۔اگر دیگر صوبوں نے وفاق کی ہدایات پر قانون سازی کی ہے تو یہ ان کا حق اور فیصلہ ہے ، تاہم کے پی نے ہمیشہ اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھی ہے اور صوبے کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے قانون سازی کی ہے ۔

Scroll to Top