مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی دویونٹوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی ، نتیجے میں 5سکھ فوجی ہلاک ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج کی دو یونٹوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 سکھ فوجی ہلاک ہو گئے، جس نے بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور اندرونی خلفشار پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
یہ واقعہ پچیس اورچھبیس اپریل کی درمیانی شب جاپالہ بریج کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے گشت کے دوران غلط فہمی کی بنیاد پر بارہ بریگیڈ کی تیرہ سکھ لائٹ انفنٹری رجمنٹ پر فائرنگ کر دی۔ نتیجتاً، پانچ سکھ اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق تیرہ سکھ لائٹ انفنٹری کے دیگر اہلکار اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی فوج کی قیادت اس واقعے پر مکمل خاموش ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی فوج کی مختلف یونٹوں کے درمیان غلط فہمی کی بنیاد پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہو۔
ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ بھارتی افواج میں بڑھتی ہوئی بوکھلاہٹ، فرقہ وارانہ تقسیم اور اندرونی تناؤ نہ صرف بھارتی دفاعی نظام کی کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ایسے واقعات کسی ممکنہ فالس فلیگ آپریشن یا بدنیتی پر مبنی حکمت عملی کا پیش خیمہ بھی ہو سکتے ہیں۔
دریں اثناء، پاکستانی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پاکستانی افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت مستعد اور چوکنا ہیں۔





