قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورپی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب نےکہا ہے کہ حکومت ناکام، بھارت کو مؤثر جواب دینے کی صلاحیت صرف عمران خان میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورپی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب نے موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے حملے کی دھمکیوں کے باوجود وزیر اعظم اور ان کی کابینہ نے سرنڈر کر دیا ہے، اور ان میں دشمن کو جواب دینے کی سکت نہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ بھارت بار بار دھمکیاں دے رہا ہے، لیکن حکومت مسلسل بےحسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف بانی تحریک انصاف عمران خان ہی بھارت کو مؤثر اور دوٹوک جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے خبردار کر رہے ہیں کہ بھارت کسی مہم جوئی کی تیاری میں ہے، مگر حکومت الٹا دشمن ملک کو تحقیقات کی پیشکش کر رہی ہے اور تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام حملہ بھارت کی اپنی ناکامی ہے، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں ایسے میں جارحانہ سفارتی اور عسکری حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تھی۔
عمر ایوب نے بھارتی دھمکیوں کے مقابلے میں حکومتی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جہاں سے حملہ ہوا یا حملے کی کوشش کی گئی، ہمیں وہاں دشمن کو تباہ کرنے کا پیغام دینا چاہیے تھا۔
مزید برآں، انہوں نے اقتصادی بدانتظامی پر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ عمر ایوب نے کہا کہ ایران سے 500 ارب روپے سے زائد مالیت کا تیل اسمگل ہو رہا ہے، جب کہ پاکستان کی مقامی ریفائنریز بند پڑی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔





