پاک بھارت کشیدگی کے بعد فضائی آپریشن معمول پر، سعودی عرب سمیت 15 ممالک کی پروازیں بحال حج پروازوں کی بحالی کی کوششیں جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے بعد پاکستان میں فضائی آپریشن بتدریج معمول پر آ گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت 15 ممالک نے پاکستان کے لیے اپنی فضائی سروسز بحال کر دی ہیں، تاہم حج پروازوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن نے اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، جس کے بعد ملک کے تین بڑے ایئرپورٹس سے ملکی و غیر ملکی پروازوں کی منسوخی کی تعداد گھٹ کر 15 رہ گئی ہے۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے آج کسی پرواز کی منسوخی نہیں ہوئی، جبکہ کچھ پروازوں کو متبادل انتظامات کے تحت دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کیا گیا ہے۔ مثلاً بحرین، دوحہ، سیالکوٹ اور مدینہ سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ روز، اگرچہ پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان ہوا، تاہم اس کے باوجود 100 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، کراچی ایئرپورٹ سے 45، لاہور سے 38، اسلام آباد سے 40، ملتان سے 10، پشاور سے 11 اور سیالکوٹ سے 6 پروازیں آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کی گئیں۔
کشیدگی کے باعث 7 سعودی ایئر لائنز اور 3 پی آئی اے کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ دوسری جانب وزارتِ مذہبی امور کے مطابق، حج آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اب تک 2,290 حاجیوں میں سے 1,100 کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا جا چکا ہے، جب کہ باقی حاجیوں کو بھی آئندہ چند روز میں روانہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق فضائی آپریشن کی بحالی نہ صرف ملک کے سفری نظام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے، بلکہ حج انتظامات کے لیے بھی اہم سنگِ میل ثابت ہو گی۔





