اگر بھارت نے دریائے سندھ کا پانی روکا تو دہائیوں تک نتائج بھگتنا ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اگر بھارت نے دریائے سندھ کا پانی روکا تو دہائیوں تک نتائج بھگتنا ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر دریائے سندھ کے پانی کو روکنے کی کوشش کی تو اس کے ایسے نتائج ہوں گے،  پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا پانی روکنے کا خیال صرف کوئی پاگل شخص ہی کر سکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے  کہا ہے کہ پاکستان کی فوج قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اگر بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا تو اس کے خلاف بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا امید کرتا ہوں کہ وہ وقت نہ آئے لیکن اگر ایسا ہوا تو دنیا ان اقدامات کو دیکھے گی اور ان کے ایسے نتائج ہوں گے جن کے لیے ہمیں برسوں اور دہائیوں تک لڑنا پڑے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک پیشہ ور ادارہ ہے جو سیاسی حکومت کی ہدایات اور بین الاقوامی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرتی ہے۔

سیز فائر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا یہ جنگ بندی اب تک قائم ہے اور دونوں طرف سے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت رابطے موجود ہیں، اگر کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہمارا جواب ہمیشہ تیار ہوتا ہے، لیکن وہ صرف اُن پوزیشنز پر ہوتا ہے جہاں سے خلاف ورزی کی جاتی ہے، ہم کبھی بھی شہریوں یا ان کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بناتے۔

بھارتی طیاروں کی تباہی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل چودھری نے تصدیق کی کہ بھارت کے 6 طیارے تباہ ہوئے جن میں ایک میراج 2000 بھی شامل ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم نے صرف طیاروں کو نشانہ بنایا، ہم مزید بھی مار سکتے تھے لیکن ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعے کے ثبوت فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ کشمیر پر بھارت کی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور جب تک بھارت مذاکرات کی میز پر نہیں آتا تب تک خطے میں کشیدگی کا خطرہ برقرار رہے گا۔

Scroll to Top