شبلی فراز کا بڑا بیان،خان صاحب کی رہائی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہو گی

شبلی فراز کا بڑا بیان،خان صاحب کی رہائی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ہو گی

شبلی فراز نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر تحریک انصاف کو دیوار سے لگا رہی ہے تاکہ اپنی بقا کو یقینی بنایا جا سکے

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر عمران خان کو رہا کر دیا گیا تو موجودہ حکومت ایک گھنٹہ بھی قائم نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بقا عمران خان کی قید سے مشروط ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’آج نیوز‘‘ کو دیے گئے انٹرویو میں شبلی فراز نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر تحریک انصاف کو دیوار سے لگا رہی ہے تاکہ اپنی بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق، جب تک پی ٹی آئی دباؤ میں اور اس کی قیادت جیل میں ہے، حکومت مطمئن ہے۔

شبلی فراز نے الزام عائد کیا کہ حکومت دانستہ طور پر پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ریاستی اداروں اور فوج کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آج بھی ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت کبھی بھی مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں تھی، یہی وجہ ہے کہ تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو تاریخ کی سب سے متنازعہ اور غیر نمائندہ حکومت قرار دیا اور کہا کہ ایسی پارلیمنٹ جس کے پاس عوامی مینڈیٹ نہ ہو، وہ کبھی مؤثر کردار ادا نہیں کر سکتی۔

انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گردشی قرضہ عوام کے سر ڈال کر حکومت نے خود کو بری الذمہ کر لیا ہے۔ نہ لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی، نہ قرضے کم ہوئے، اور نہ ہی معیشت میں بہتری آئی۔ شبلی فراز کے مطابق، حکومت صرف ذاتی مفادات کے تحت فیصلے کر رہی ہے، جبکہ عوام کو مشکلات کے بھنور میں دھکیل دیا گیا ہے۔

شبلی فراز نے شکایت کی کہ میڈیا ٹاک شوز مخصوص ایجنڈے کے تحت چلائے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اکثر ان سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے اہلِ خانہ سے بھی رابطے کی اجازت نہیں، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

شبلی فراز نے پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ سینیٹ اور عوامی بیانیے میں دوہرا معیار اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر نہری نظام میں ناکامی، اور پاور سیکٹر میں غلط معاہدوں کا الزام بھی عائد کیا۔

شبلی فراز نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پی ٹی آئی ایک بار پھر بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ میدان میں نظر آئے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ 26 نومبر کے بعد جماعت کو سنبھلنے میں وقت لگا، لیکن اب پارٹی دوبارہ متحد اور متحرک ہو رہی ہے۔

Scroll to Top