افواہیں دم توڑ گئیں،تحریک انصاف متحد ہے، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، اسد قیصر

افواہیں دم توڑ گئیں،تحریک انصاف متحد ہے، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، اسد قیصر

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی تمام قیادت مکمل طور پر متحد ہے اور پارٹی کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک بھارت کی کسی جنگی کارروائی کے ردعمل میں شروع نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی تحریک پر پارٹی کے اندر مشاورت کا عمل جاری ہے۔

اسد قیصر نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’تحریک انصاف کی تمام قیادت مکمل طور پر متحد ہے اور پارٹی کے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے خلاف تحریک انصاف کے سفارتی وفد پر وزیراعظم شہباز شریف نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور انڈین میڈیا میں اس حوالے سے خبریں جانے کا الزام بھی تحریک انصاف پر عائد کیا گیا ہے۔

اسد قیصر نے وزیراعظم اور ن لیگ کی قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا’’مودی کو شادی کی تقریب میں بغیر ویزے کے کیسے بلایا گیا؟ نواز شریف نے کب بھارت یا مودی کے خلاف کوئی واضح بیان دیا ہے؟‘‘

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک پاکستانی جماعت ہے اور ہمیشہ سے بھارتی حکومت اور مودی سرکار کی پالیسیوں کی مذمت کرتی آئی ہے۔

ڈرون حملوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری مقدم ہے اور کسی بھی قسم کے ڈرون حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ رپورٹس پر مکمل انکوائری ہونی چاہیے۔

Scroll to Top