پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے تیسری مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس لوٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی ٹیم 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز میں عمران خان کا پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی جاوید آصف کر رہے تھے۔
ڈی ایس پی جاوید آصف نے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ملزم ٹیسٹ نہیں کرائے گا تو تفتیش کیسے مکمل ہو سکتی ہے؟ پولی گرافک ٹیسٹ سے ہی یہ معلوم ہو سکے گا کہ شواہد درست ہیں یا نہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب تک یہ ٹیسٹ نہیں ہوں گے، تفتیشی عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ہم تین دن سے جیل کا رخ کر رہے ہیں لیکن ہر بار انکار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس سے قبل بھی دو بار پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے تحریری طور پر بھی تفتیشی ٹیم کو آگاہ کیا گیا کہ وہ ٹیسٹ کرانے پر آمادہ نہیں۔
یاد رہے کہ لاہور پولیس کو 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں درج 11 مقدمات میں عمران خان سے تفتیش کرنی ہے، اور یہ ٹیسٹ اسی تفتیش کا حصہ ہیں۔





