مائٹی ڈریگون جے 10 سی نے رافیل طیارہ تباہ کر کے آپریشن سندور کو ناکامی میں بدل دیا، جرمن اخبار

رافیل کی ناکام کارکردگی پر بھارت اور فرانس میں الزامات اور محاذ آرائی شروع

اسلام آباد / نئی دہلی: پاکستان کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کی مایوس کن کارکردگی نے بھارت اور فرانس کے درمیان سفارتی تناؤ کو جنم دے دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان الزامات اور جوابی بیانات کا تبادلہ جاری ہے، جب کہ عالمی سطح پر بھی فرانسیسی دفاعی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن (Dassault Aviation) کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

عالمی جریدے نیشنل انٹرسٹ کے مطابق رافیل طیاروں کی کارکردگی بھارت کے لیے مایوسی کا باعث بنی ہے۔ اس ناکامی کے اثرات نہ صرف بھارت تک محدود رہے بلکہ دیگر ممالک، خصوصاً انڈونیشیا، نے بھی ڈسالٹ کے ساتھ اپنے دفاعی معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ انڈونیشیا کی جانب سے رافیل طیاروں کی خریداری کے معاہدے کا آڈٹ شروع ہو چکا ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جکارتہ بھی بھارتی تجربات سے متاثر ہو کر محتاط ہو گئی ہے۔

ادھر بھارت نے فرانس پر الزام عائد کیا ہے کہ مہنگے ترین لڑاکا طیاروں میں تکنیکی خامیاں موجود ہیں، جن کی وجہ سے پاکستان کے خلاف کارروائی میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ جواباً فرانس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رافیل طیاروں کی ناقص کارکردگی کی اصل وجہ بھارتی پائلٹس کی ناتجربہ کاری ہے، نہ کہ طیاروں میں کوئی بنیادی مسئلہ۔

صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ ہو گئی جب بھارت نے ڈسالٹ کمپنی کے فرانسیسی آڈیٹرز کو اپنے رافیل بیڑے کا معائنہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق، بھارت کو خدشہ ہے کہ فرانسیسی آڈیٹرز ان کی فضائیہ پر تکنیکی کمزوریوں کا الزام ڈالنے کی کوشش کریں گے تاکہ خود کو بری الذمہ قرار دیا جا سکے۔

اس تنازع کے دوران پاکستان کے ساتھ جنگ کے ابتدائی مرحلے میں ایک بھارتی رافیل جیٹ کے نقصان نے بھی سوالات کو جنم دیا۔ بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ محض حادثہ نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے دعوؤں کی قلعی کھولنے والا واقعہ تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ فرانسیسی کمپنی اپنی ٹیکنالوجی کی کمزوریوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، کیونکہ ان کے رافیل طیارے اب پاکستان کے چینی ساختہ طیاروں کے مقابلے میں اتنی برتری نہیں رکھتے جو ان کی قیمت کا جواز فراہم کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ نے بھارت کے کتنے رافیل گرائے، فرانسیسی فوج کا پہلا ردعمل سامنے آگیا

بین الاقوامی سطح پر اس تنازع کو گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے، اور یہ صورتحال نہ صرف دفاعی معاہدوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے بلکہ فرانس کی اسلحہ برآمدات اور ساکھ کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

Scroll to Top