پشاور: عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی پشاور میں خریداری کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں، شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں شہریوں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں لوگ جوش و خروش سے کپڑے، جوتے، جیولری، مہندی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مصروف ہیں۔
خصوصاً خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کر رہی ہے۔ کپڑوں کی دکانوں پر نئے ملبوسات کی خریداری کے لیے گاہکوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، جب کہ درزیوں کے پاس بھی آرڈرز کی بھرمار ہے۔
دوسری جانب جوتوں، چوڑیوں اور میک اپ کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں پر بھی خریداروں کی خوب بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس بار خریدار نسبتاً جلدی بازاروں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ آخری لمحات کی بھاگ دوڑ سے بچا جا سکے۔ تاہم کچھ شہریوں نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی شکایت بھی کی ہے، جس کی وجہ سے ان کا بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عید الاضحی کب ہوگی ؟ ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بازاروں میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، تاکہ خریداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ٹریفک پولیس بھی مصروف بازاروں میں روانی برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہے۔





