حکومت نے رکاوٹ نہ ڈالی تو 20 لاکھ افراد سڑکوں پر لائیں گے، عادل خان بازئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عادل خان بازئی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے احتجاج میں رکاوٹیں نہ ڈالیں تو وہ 20 لاکھ افراد سڑکوں پر لانے کا چیلنج کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اس بار بھرپور شرکت کے لیے تیار ہیں اور پی ٹی آئی کا احتجاج ایک عوامی سمندر میں تبدیل ہوگا۔

پختون ڈیجیٹل سے گفتگو میں عادل خان بازئی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے عمران خان کے ساتھ کیے گئے وعدے کی پاسداری کی، لیکن حکومت کی جانب سے ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے ان کے اربوں روپے مالیت کے پلازے، کرائے کے لیے بنائی گئی مارکیٹ اور دکانیں گرائی گئیں۔

عادل بازئی نے مزید کہا کہ ہماری جماعت کے ساتھ جو ظلم ہوا، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی اور جماعت کے ساتھ نہیں ہوا۔

بلوچستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایم این اے نے کہا کہ وہاں بین الاقوامی لابنگ جاری ہے اور اصل مسئلہ گوادر جیسے گرم پانی کے علاقوں کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیپلز پارٹی اور تانگہ پارٹیاں تحریک چلانے سے پہلے عوامی حمایت ثابت کریں، بیرسٹر سیف

ان کے بقول بین الاقوامی قوتوں کی نظر بلوچستان کی مائنز اور منرلز پر بھی ہے، جس کے باعث وہاں غیر معمولی سیاسی و معاشی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کو عوامی حمایت حاصل ہے اور اگر حکومت نے راستہ نہ روکا تو احتجاج فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔

Scroll to Top