ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قاتل فیصل آباد سے گرفتار ،قتل کرنیوالا بھی ٹک ٹاکر نکلا

اسلام آباد میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی معروف ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، پولیس نے فیصل آباد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ حیران کن طور پر قاتل بھی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والا نکلا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عمر حیات عرف ’’کاکا‘‘ کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ عمر حیات خود بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم ٹک ٹاکر ہے۔

ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سنمبل اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پیر کی شام 5 بجے حملہ آور گھر میں داخل ہوا اور سیدھا ثناء یوسف پر فائرنگ کر دی۔ دو گولیاں سینے میں لگیں، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئیں اور اسپتال لے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکیں۔

مقتولہ کی والدہ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ ملزم کو شناخت کر سکتی ہیں۔ واقعہ جی-13/1 اسلام آباد میں پیش آیا تھا، جس نے نہ صرف سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کیا بلکہ آن لائن دنیا میں تشویش بھی پیدا کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

Scroll to Top