ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ زبیر عمر کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے، اور عمران خان کی جانب سے گرین سگنل بھی دے دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق زبیر عمر، جو ماضی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جلد تحریک انصاف کا باقاعدہ حصہ بن سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زبیر عمر کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان عید کے بعد متوقع ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کر دی ہے۔
اگر یہ پیش رفت عملی شکل اختیار کرتی ہے تو یہ مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب پارٹی اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
زبیر عمر کی ممکنہ شمولیت پی ٹی آئی کی سیاسی صف بندی میں ایک نئی توانائی اور تجربے کا عنصر شامل کر سکتی ہے، جس سے آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں نئی تبدیلیوں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔





