وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جو تحریک شروع کرنے جا رہی ہے، اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ملک کو اس وقت احتجاجی سیاست نہیں بلکہ قومی اتفاق رائے اور معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر فیصل آباد میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت کوئی مؤثر تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو وزیراعظم کی جانب سے دی گئی ملاقات کی پیشکش قبول کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ہمارے ساتھ بیٹھ کر الیکشن قوانین میں ترامیم پر بات کرے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ’’اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ 24 کروڑ عوام کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سے مذاکرات کرے، کیونکہ معاشی خوشحالی ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے میثاقِ معیشت پر اتفاق ہو، پھر سیاست اور دیگر مسائل پر بھی بات کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف قومی اتحاد اور مشاورت میں ہے۔
علاقائی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا ہے کہ وہ آج دنیا بھر میں رسوا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔





