سید عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے کے حقدار تھے ، نواز شریف

سید عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے کے حقدار تھے ، نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے کے بھرپور حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور تمام ادارے مل کر ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور ان کی محنت نے پاکستان کو معاشی محاذ پر کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے درپیش چیلنجز کے باوجود شہباز شریف کی قیادت میں جنگ جیتی ہے۔

نواز شریف نے جنرل سید عاصم منیر کی فوجی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فیصلہ کن برتری حاصل کی، جو ان کے فیلڈ مارشل جیسے اعلیٰ عسکری اعزاز کے حقدار ہونے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ان کی قیادت میں متعدد نئے منصوبے متعارف کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز عوامی خدمت کے جذبے کے تحت انتھک محنت کر رہی ہیں۔

نواز شریف نے حالیہ سمبڑیال ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ملک کو ترقی کی راہ پر صرف مسلم لیگ (ن) ہی گامزن کر سکتی ہے۔

Scroll to Top