خیبر پختونخوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں بجٹ سے متعلق مختلف امور پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق اجلاس میں صوبائی بجٹ کی تجاویز، اراکین اسمبلی کی آراء اور پارٹی مؤقف پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ اجلاس کا مقصد بجٹ پر پارٹی کے اندر پائی جانے والی تشویش اور تحفظات کو دور کرنا بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے پیٹرن ان چیف عمران خان کو بجٹ پر مشاورت کا موقع نہ دیے جانے کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے قبل ازیں ہدایت کی تھی کہ ان کی مشاورت کے بغیر بجٹ پیش نہ کیا جائے۔
پارٹی کے اندرونی حلقوں میں یہ رائے پائی جاتی ہے کہ بجٹ کی تیاری میں سینئر قیادت کو نظرانداز کیا گیا ہے، جس پر بعض اراکین اسمبلی نے ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
متوقع ہے کہ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی، ممکنہ بائیکاٹ یا ترامیم کی تجاویز پر بھی بات چیت ہوگی، جبکہ پی ٹی آئی قیادت آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرے گی تاکہ پارٹی کے اندر اتحاد برقرار رکھا جا سکے۔





