پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے موجودہ علاقائی تناؤ اور اسرائیلی جارحیت کے پیش نظر اپنی احتجاجی تحریک کو وقتی طور پر موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال بالخصوص اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے تناظر میں پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر کسی سیاسی احتجاج کی بجائے انسانی حقوق اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو وفاقی بجٹ، قرضوں کی پالیسی اور پارٹی بانی کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر شدید تحفظات ہیں۔ ’’ہمیں بانی چیئرمین سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ان کو مکمل طور پر آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ پارٹی کو کوئی ہدایت نہ دے سکیں۔ یہ عمل سراسر انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔‘‘ وقاص اکرم نے الزام عائد کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جو کچھ ایران میں کیا، اس پر پاکستانی حکومت کا صرف بیان دینا ناکافی ہے، ’’بیان تو ایک ٹک ٹاکر بھی دے دیتا ہے، حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔‘‘
پی ٹی آئی رہنما نے اعلان کیا کہ پارٹی اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کرے گی اور اس مسئلے پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اسرائیل کے خلاف آواز اٹھانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور بانی چیئرمین کا مؤقف اس پر ہمیشہ واضح رہا ہے۔‘‘
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پارٹی نے کسانوں کی احتجاجی کال کو بھی فی الحال روک دیا ہے اور تمام تنظیمی و عوامی احتجاج بانی چیئرمین کی ہدایت پر وقتی طور پر مؤخر کر دیے گئے ہیں۔





