سوات کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دریائے سوات میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار افراد کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عوام دریاؤں، ندی نالوں یا خطرناک مقامات پر نہانے سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام کالام کے علاقے شاہی باغ میں طوفانی ہوا اور بارش کے باعث کشتی الٹنے کے حادثے میں ڈوبنے والے 10 سیاحوں میں سے مزید دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
حادثے میں دو خواتین اور دو بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بچہ اب بھی لاپتہ ہے۔
ریسکیو 1122 نارتھ ریجن کی ترجمان شفیقہ گل کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام اس وقت پیش آیا جب اچانک تیز آندھی اور بارش نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
طوفانی ہوا کے باعث کشتی الٹ گئی، جس میں سوار تمام افراد پانی میں ڈوب گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سوات میں سیاحت کا سفر جان لیوا بن گیا، کشتی الٹنے سے 7 سیاح جان کی بازی ہار گئے
ریسکیو 1122، مقامی رضاکاروں اور دیگر امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 لاشیں نکال لیں جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں کو علاقے کی دشواری اور دریا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے تلاش میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔





