دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں ہونے والے تین روزہ سالانہ شندور فری اسٹائل پولو فیسٹیول کے فائنل میں چترال پولو ٹیم اے نے ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد گلگت ٹیم اے کو 7 کے مقابلے میں 9 گولز سے شکست دے کر مسلسل آٹھویں بار شندور ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ترجمان خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق فائنل میچ کا ماحول نہایت پرجوش رہا، دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت میں 7-7 گول کیے جس کے بعد میچ کو اضافی وقت میں لے جایا گیا۔
اضافی وقت میں چترال نے دو شاندار گولز اسکور کیے جبکہ گلگت کی ٹیم مزید گول کرنے میں ناکام رہی۔
فیسٹیول خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج، چترال سکاؤٹس اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے 20 جون کو اپر چترال میں شروع ہوا جس میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فیسٹیول کے ابتدائی دو روز گلگت بلتستان کی ٹیموں کے لیے کامیاب رہے تاہم فیصلہ کن معرکے میں چترال نے بازی پلٹ دی۔
فائنل کے موقع پر منعقدہ اختتامی تقریب میں پیراگلائڈنگ شو اور میوزیکل بینڈ کی پرفارمنس نے شرکا کو خوب محظوظ کیا اور شندور کا فضا ایک بار پھر چترال کی جیت کے نعروں سے گونج اٹھی۔
شندور فیسٹیول نہ صرف چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان پولو کے روایتی مقابلے کا نمائندہ ہے بلکہ یہ سیاحت، ثقافت اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا بھی ایک اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
کورونا وبا کے باعث 2020 اور 2021 میں فیسٹیول منسوخ کیا گیا تھا جبکہ 2024 میں خراب موسم کی وجہ سے میچز ملتوی کر دیے گئے تھے۔





